ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اروندر سنگھ لولی کی کانگریس میں واپسی، بی جے پی میں نظریاتی طور پر ’’بے میل ‘‘تھا :اروندسنگھ لولی

اروندر سنگھ لولی کی کانگریس میں واپسی، بی جے پی میں نظریاتی طور پر ’’بے میل ‘‘تھا :اروندسنگھ لولی

Sat, 17 Feb 2018 21:29:01    S.O. News Service

نئی دہلی ،17؍ فروری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی کانگریس کے سابق صدر اروندرسنگھ لولی کی آج کانگریس میں’’ گھر واپسی‘‘ ہو گئی۔ کچھ ماہ قبل پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے لولی نے کہا کہ وہ نے کہا کہ وہاں وہ ’’ نظریاتی طور پر بے میل ‘‘ تھے۔ شیلا دکشت کی زیر قیادت حکومت میں سابق وزیر رہے لولی نے اس سے قبل آج پارٹی صدر راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ دہلی ریاست کانگریس صدر اجے ماکن بھی تھے، راہل نے پارٹی میں ان کا استقبال کیا۔ لولی کے پارٹی میں آنے کا اعلان اے آئی سی سی میں دہلی انچارج پی سی چاکو اور ماکن نے پریس کانفرنس میں کی۔ لولی نے کہا کہ انہوں نے جب پارٹی چھوڑی تو انہیں کبھی اچھا نہیں لگا۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہاکہ میں بی جے پی میں نظریاتی طور پر بے میل ا ور ان فٹ تھا۔ میں جب پارٹی میں شامل ہوا تو اس کے اگلے دن ہی میں اس نکتہ کو بھانپ گیا تھا ۔ لولی نے کہا کہ انہوں نے جب کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا تو وہ فیصلہ کافی دقتوں کے ساتھ کیا گیا تھا۔ لولی کو شیلا دکشت کا قریبی سمجھا جاتا ہے اور ماکن سے اختلافات کی وجہ سے انہوں نے پارٹی چھوڑی تھی۔ اروند سنگھ لولی کی پارٹی میں واپسی دہلی میں 20 آپ ممبران اسمبلی کے نااہل ٹھہرائے جانے کے بعد ہونے والے ممکنہ ضمنی انتخابات سے پہلے پارٹی کو متحد کرنے کی کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ سابق وزیر ا علیٰ شیلا دکشت نے بھی لولی کے دوبارہ پارٹی میں آنے کا خیر مقدم کیا ہے۔


Share: